حوزه نیوز ایجنسی نے المیادین ٹی وی چینل سے نقل کیا ہے کہ غاصب صہیونی ذرائع ابلاغ نے اطلاع دی ہے کہ نیتن یاہو کی کابینہ کے کم از کم تین وزراء طوفان الاقصیٰ آپریشن سے ہونے والی شکست فاش کا نیتن یاہو کو زمہ دار ٹھہراتے ہوئے مستعفی ہونے کے خواہاں ہیں۔
یہودی روزنامہ کے مطابق، نیتن یاہو کی کابینہ کے تین وزراء نے مستعفی ہونے کا اعلان کیا ہے، تاکہ غاصب اسرائیلی وزیراعظم کو حماس کے 7 اکتوبر کے حملے کی شکست کی ذمہ داری قبول کرنے پر مجبور کیا جا سکے۔
مذکورہ یہودی روزنامے میں مزید کہا گیا ہے کہ 75 فیصد صہیونی، غزہ کی پٹی سے ملحقہ غاصب صہیونیوں کی بستیوں کی ناقص سکیورٹی کا زمہ دار نیتن یاہو کو سمجھتے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق، ایک یہودی پارٹی کے بیشتر حامیوں کا خیال ہے کہ حماس کے ساتھ جنگ کے خاتمے کے فوراً بعد نیتن یاہو کو مستعفی ہو جانا چاہیئے۔
واضح رہے کہ غاصب صہیونی ذرائع ابلاغ نے بھی اطلاع دی تھی کہ نیتن یاہو اہم وجوہات کی بناء پر غزہ پر زمینی آپریشن سے کترا رہا ہے اور شمالی محاذ کی پیچیدہ اور خراب صورتحال سے نیز خوفزدہ ہے۔